ریاض – سعودی شاہی عدالت نے منگل کی صبح شیخ عبدالعزیز کے انتقال کی خبر دی۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وہ سینئر علماء کونسل کے صدر تھے اور ان کے انتقال سے مملکت اور مسلم دنیا ایک ممتاز عالم دین سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے اسلام، مسلمانوں اور علمی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ عبدالعزیز کے اہل خانہ، سعودی عوام اور پوری مسلم امہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شاہی عدالت کے مطابق نماز جنازہ عصر کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی، جبکہ شاہ سلمان کی ہدایت پر مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مملکت کی تمام مساجد میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
شیخ عبدالعزیز علمی و دینی خدمات کے حوالے سے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری مسلم دنیا میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کا انتقال عالم اسلام کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔