وائٹ ہاؤس نامہ نگاروں کے عشائیے میں فائرنگ کا واقعہ، ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ، ملزم گرفتار

واشنگٹن (ایم این این): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہفتہ کی شب وائٹ ہاؤس نامہ نگاروں کے سالانہ عشائیے کے دوران فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے، جبکہ اعلیٰ حکام اور مہمانوں کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لیا جبکہ سینکڑوں افراد نے میزوں کے نیچے پناہ لی۔

یہ واقعہ واشنگٹن ہلٹن ہوٹل میں پیش آیا جہاں یہ تقریب روایتی طور پر منعقد ہوتی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تقریب میں موجود صحافیوں، شخصیات اور حکومتی نمائندوں کو ہال سے نکال لیا گیا جبکہ نیشنل گارڈ نے عمارت کے اندر پوزیشن سنبھال لی اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

قریبی سڑکوں کو بند کر دیا گیا، پولیس کی گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر علاقے میں تعینات رہے۔ مہمانوں کو کچھ دیر کے لیے عمارت کے اندر ہی محدود رکھا گیا۔

امریکی اٹارنی جینین پیرو نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز کے بعد انہیں باہر نکالا گیا اور سکیورٹی کا کنٹرول مکمل طور پر سیکرٹ سروس کے پاس ہے۔ واشنگٹن کی میئر میوریل باؤزر اور پولیس چیف جیفری کیرول بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔

واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں