گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کے لیے 10 لاکھ ڈالر امدادی اعلان

گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور تباہ کن سیلابوں کے بعد متاثرہ علاقوں کی صحت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو 10 لاکھ ڈالر (تقریباً 28 کروڑ 38 لاکھ روپے) کا گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس امداد سے چاروں صوبوں کے 33 ہائی رسک اضلاع میں تقریباً 4 لاکھ 65 ہزار متاثرین کو سہولت دی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق، یہ رقم جب متاثرین پر تقسیم کی جائے گی تو فی شخص صرف 610 روپے (2.15 ڈالر) کے قریب امداد دستیاب ہوگی۔

سرکاری حکام کے مطابق اس گرانٹ سے وفاقی اور صوبائی سطح پر جان بچانے والی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا، جن میں بیماریوں کی نگرانی، وبائی امراض سے نمٹنے کے اقدامات، ضروری ادویات کی فراہمی اور متاثرہ کمیونٹیز تک رسک کمیونیکیشن شامل ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر داپینگ لو نے کہا:
“ہم گیٹس فاؤنڈیشن کے بروقت تعاون کے شکر گزار ہیں۔ یہ مدد نہ صرف موجودہ ہنگامی صورتحال میں جانیں بچانے کے لیے اہم ہے بلکہ مستقبل میں مضبوط اور لچکدار صحت کے نظام کی تعمیر میں بھی معاون ثابت ہوگی۔”

پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے نتیجے میں 802 سے زائد افراد جاں بحق، ایک ہزار سے زائد زخمی، درجنوں صحت کی سہولتیں اور ہزاروں گھر تباہ ہوئے ہیں۔ صوبائی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق صرف کے پی میں 450 اموات، 265 زخمی اور 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے فوری طور پر ادویات، طبی سہولیات اور ہنگامی کیمپس کے ذریعے تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار متاثرہ افراد کی مدد کی ہے، جبکہ آئندہ چھ ماہ کے لیے مزید 13 لاکھ افراد کو خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ امداد پاکستان کو نہ صرف موجودہ بحران سے نکلنے میں مدد دے گی بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث آئندہ آنے والی ہنگامی صورتحال کے لیے تیاری کو بھی مضبوط بنائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں