اسلام آباد (وے آوٹ نیوز)پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ 2025 میں پہلی پوزیشن کے غلط دعوے پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ فیڈریشن کو 72 گھنٹے کے اندر وضاحتی جواب جمع کرانے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق 13 جولائی کو فیڈریشن کو ابتدائی نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں تین دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی تھی۔ اب پی ایس بی نے دس لاکھ روپے جرمانے کی تجویز کے ساتھ مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
فیڈریشن نے 9 جولائی کو پہلی پوزیشن کے دعوے کے ساتھ PSB کو کیش ایوارڈ کے لیے باضابطہ خط بھیجا، حالانکہ سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔ یہ دعویٰ نہ صرف خط کے ذریعے بلکہ میڈیا انٹرویوز اور عوامی بیانات میں بھی دہرایا گیا۔

مزید برآں، فیڈریشن کے دعوے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ “ایکس” پر تہنیتی پیغام جاری کیا، جس میں نیٹ بال ٹیم کی ’کامیابی‘ پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ بعد ازاں جب یہ حقیقت سامنے آئی کہ پاکستان نے درحقیقت چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی، تو وزیراعظم کا پیغام خود ان کے لیے سبکی کا باعث بن گیا۔پی ایس بی کے مطابق فیڈریشن کی خاموشی کو اعترافِ غلطی تصور کیا جا سکتا ہے، اور سات دن کے اندر جواب نہ آنے کی صورت میں یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔