شہباز سرکار کا ساتھ دینے پر تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی فارغ

اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ میں حمایت کرنے والے اپنے پانچ ارکان کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ یہ فیصلہ آئین سے انحراف اور پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹنگ پر کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کے دستخطوں سے پارٹی سے نکالے جانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ ارکان نے پارٹی مؤقف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومتی اتحاد کے حق میں ووٹ دیا۔پارٹی سے نکالے گئے ارکان میں:
ظہور قریشی،اورنگزیب کھچی،مبارک زیب خان،الیاس چوہدری،عثمان علی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق، ان ارکان نے دانستہ طور پر پارٹی ہدایت کے برخلاف آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر پارٹی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کی۔ اس اقدام کو پارٹی نے ناقابلِ برداشت قرار دیا اور سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، ان ارکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس میں ان کی نشستوں سے نااہلی کے لیے ریفرنس دائر کرنا بھی شامل ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں