اسلام آباد (وے آوٹ نیوز)
ساہیوال سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے چوہدری عثمان علی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی،وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے چوہدری عثمان علی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چوہدری عثمان علی نے حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی کامیاب منظوری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی و استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ملاقات کے دوران ساہیوال کے حلقے سے متعلق ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چوہدری عثمان علی کی وزیراعظم سے ملاقات کو ساہیوال اور گردونواح کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،یاد رہے کہ چودھری عثمان علی تحریک انصاف کے جھنڈے اور بانی چیئرمین کی تصویر لگا کر مور کے انتخابی نشان پر الیکشن میں کامیاب ہوئے،رکن قومی اسمبلی نے جیت کے بعد تحریک انصاف سے منہ موڑتے ہوئے پیپلزپارٹی کا رخ کیا، لیکن ایل سال بعد ہی چودھری عثمان ن لیگ کو پیارے ہو گئے ہیں۔ عثمان علی نے پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی وعدے وعید کئے اور ساتھ چلنے کی یقین دہانی بھی لرائی جس پر انکی اپنے چچا سے بھی ان بن ہوئی، تاہم پی ٹی آئی کے ارکان آزاد ہونے پر اب وزیراعظم سے ملاقات میں ن لیگ میں شمولیت کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے۔ جسے وزیراعظم کی کقنب سے بھی سراہا گیا۔