ریاض( وے آوٹ نیوز)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حج بیت اللہ کے لیے آئے مسلم ممالک کے رہنماؤں کے اعزاز میں ایک خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شرکت کی۔
ظہرانے کے دوران سردار ایاز صادق کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں عالم اسلام کو درپیش چیلنجز، بین الاقوامی صورتحال اور مسلم دنیا کے اتحاد و استحکام سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
سعودی ولی عہد نے اس موقع پر امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور مسلم ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کے دوران سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ہم سعودی قیادت کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور واضح مؤقف پر شکر گزار ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم حرمین الشریفین اور سعودی قیادت کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور دونوں ممالک کے عوامی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ اسپیکر ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات آئندہ مزید مضبوط ہوں گے، اور دونوں ممالک خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔