تحریر: مصطفےٰ صفدر بیگ
یہ یوٹیوب ویڈیو کا تھمب نیل ہے جو مشہور اینکر منصور علی خان کے یوٹیوب چینل پر ان کی 12 جون کی ویڈیو سے منسلک ہے۔ یہ تھمب نیل بظاہر سنسنی خیزی اور گمراہ کن معلومات کا واضح مظہر ہے۔
جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کس طرح صرف ویوز اور ڈالرز کمانے کی غرض سے عوام کے جذبات سے کھیلا جاتا ہے۔
تھمب نیل کی سرخی میں لفظ “ایک اور” استعمال کرکے یوں ظاہر کیا گیا جیسے یہ کوئی معمول بنتا جارہا ہے یا کوئی بڑی مداخلت ہورہی ہو حالانکہ یہ ایک تکنیکی خرابی کا واقعہ تھا۔
مستند معلومات ملنے سے پہلے ہی “200 سے زائد” کا دعویٰ کرکے لوگوں کو جذباتی طور پر ہلا کر رکھ دیا گیا۔
تھمب نیل میں “ایک اور جنگ شروع ہونے والی ہے؟” کا استعمال مکمل طور پر غیر متعلق اور اشتعال انگیز ہے۔ اگرچہ ویڈیوز میں یہ جملہ اسرائیل اور ایران کے حوالے سے استعمال ہوا ہے لیکن تھمب نیل میں ایران اسرائیل کا تذکرہ کیے بغیر اس جملے کا استعمال یہ تاثر دینا ہے کہ شاید پاکستان اور بھارت کے درمیان پھر کوئی جنگی تصادم ہوا ہے یا ہونے والا ہے۔

تصویر میں دھماکے اور آگ کے مناظر کا استعمال کیا گیا ہے اور طیارے کو پوری طرح جلتا ہوا اور عمارت سے ٹکراتا دکھاکر غیر حقیقی منظر تخلیق کیا گیا ہے تاکہ زیادہ کلکس حاصل کیے جاسکیں حالانکہ یہ منظرنامہ اصلی واقعے سے میل نہیں کھاتا۔
جان بوجھ کر ایئر انڈیا کو نمایاں کرکے قوم پرستی کے جذبات کو ابھارنے کی کوشش کی گئی ہے جس سے سرحد پار دشمنی کو فروغ مل سکتا ہے۔
تھمب نیل پر منصور علی خان کی چہرے کے تاثرات بھی ایسے رکھے گئے ہیں جیسے کوئی انتہائی ہنگامی یا خفیہ بات بتائی جارہی ہو حالانکہ ان کی اندرونی ویڈیو کا مواد اکثر مختلف ہوتا ہے۔
تاریخ (12 جون 2025) کو “ایوننگ” کے ساتھ شامل کرکے ویڈیو کو “بریکنگ نیوز” کی شکل دی گئی تاکہ لوگ فوری طور پر ویڈیو دیکھیں.
اب چند سوالات یہ ہیں کہ
تھمب نیل میں “جنگ” کا حوالہ بغیر کسی خبر یا بغیر کسی دفاعی یا حکومتی بیان کے “جنگ شروع ہونے والی ہے” کا تاثر دینا صحافتی بددیانتی نہیں تو اور کیا ہے؟
سانحات جیسے ہوائی حادثے کو سنسنی خیزی اور سیاست کے ساتھ ملا دینا متاثرہ خاندانوں اور عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف نہیں ہے تو اور کیا ہے؟
اس تھمب نیل کے ذریعے صرف “یوٹیوب ریونیو” اور ویوز حاصل کرنے کی خاطر صحافت کی بنیادی اقدار یعنی سچائی، ذمہ داری اور توازن کو قربان نہیں کیا گیا تو اور کیا کیا گیا ہے؟
اس طرح کے تھمب نیلز یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلانے، نفسیاتی ابہام پیدا کرنے اور عوامی جذبات سے کھیلنے کی بدترین مثالیں نہیں تو اور کیا ہے؟
سنجیدہ صحافت کا تقاضا ہے کہ معلومات کو درست، متوازن اور حساسیت کے ساتھ پیش کیا جائے۔ خاص طور پر جب انسانی جانوں کے ضیاع کا معاملہ ہو۔