اسلام آباد (وے آؤٹ نیوز)
پاکستان میں بینکرپسی قانون متعارف کرانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی خصوصی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ ہارون اختر خان نے کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر زور دیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ سرمایہ کاری کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے قانون سازی میں بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
معاونِ خصوصی نے “کارپوریٹ ری ہیبلیٹیشن ایکٹ 2018” میں مؤثر ترامیم کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا مقصد قانون کو مزید جامع اور فعال بنانا ہے۔
ذیلی کمیٹی میں سینئر وکلا علی سبطین فضل، عابد شبان، کمشنر سی ای پی سی مظفر مرزا، اور کنسلٹنٹ عثمان خان شامل ہیں۔ یہ کمیٹی تمام ضروری قانونی شقوں کا جائزہ لے کر ترامیم کو حتمی شکل دے گی۔
ہارون اختر خان کے مطابق قانون میں اصلاحات نہ صرف صنعتی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی بلکہ پیچیدہ قانونی مسائل کو بھی آسان بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ فائنل ڈرافٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا۔