پی اے آر سی میں پراسرار چھاپہ، چیئرمین برطرف،دفتر سیل، ریکارڈ ضبط

اسلام آباد (وے آؤٹ نیوز) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) میں غیرمعمولی کارروائی، چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، دفتر سیل اور اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر کی ہدایت پر سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی کی نگرانی میں رات گئے آپریشن کیا گیا۔ وزارت کے افسران نے چیئرمین کے دفتر پر چھاپہ مارا، دفتر کو سربمہر کیا اور اہم دستاویزات ضبط کر لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پی اے آر سی حکام نے مزاحمت کی کوشش کی، وزارت کے اہلکاروں کو ہراساں کیا گیا جبکہ چیئرمین اور سیکرٹری پی اے آر سی نے کارروائی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی۔
چھاپہ مار ٹیم نے تمام مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے دفتر کو باقاعدہ طور پر سیل کر دیا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بعض افسران چھت پر جا کر کارروائی کا مشاہدہ کرتے رہے جبکہ دفتر کی تمام لائٹس بھی بند کر دی گئی تھیں۔
ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ معزول چیئرمین نے مبینہ طور پر سیکرٹری کی مدد سے اہم ریکارڈ غائب کر دیا۔ اب پورے معاملے کی تفتیش ایف آئی اے کرے گی، اور مزید کارروائی متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں