آئی سی سی: کھیل کے طویل المدتی مفاد کے تحفظ کے لیے معطلی ضروری تھی

آئی سی سی: کھیل کے طویل المدتی مفاد کے تحفظ کے لیے معطلی ضروری تھی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یو ایس اے کرکٹ کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ایک سالہ جائزے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حالیہ اجلاس میں کیا گیا۔
آئی سی سی بورڈ کے مطابق، یو ایس اے کرکٹ نے آئین کی بار بار خلاف ورزی کی۔ ان میں مؤثر گورننس فریم ورک قائم نہ کرنا، امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی (USOPC) سے قومی ادارے کے طور پر تسلیم کروانے میں ناکامی، اور ایسے اقدامات شامل ہیں جن سے امریکہ اور عالمی سطح پر کرکٹ کی ساکھ متاثر ہوئی۔
آئی سی سی نے اسے “بدقسمت مگر ضروری اقدام” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل کے طویل المدتی مفادات کے تحفظ کے لیے لازمی ہے۔
تاہم یو ایس اے کی قومی ٹیموں کو آئی سی سی ایونٹس میں کھیلنے کی اجازت برقرار رہے گی، جن میں لاس اینجلس 2028 اولمپکس کی تیاری بھی شامل ہے۔ اس دوران آئی سی سی اور اس کے نمائندے عارضی طور پر قومی ٹیموں کی نگرانی اور انتظام سنبھالیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی معاونت، اولمپکس کی تیاری اور ہائی پرفارمنس پروگرام جاری رہ سکے۔
آئی سی سی نے ایک “نارملائزیشن کمیٹی” قائم کی ہے جو یو ایس اے کرکٹ کی بحالی کے اقدامات طے کرے گی۔ اس میں گورننس، آپریشنز اور تنظیمی ڈھانچے میں واضح بہتری شامل ہوگی۔ کمیٹی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور رہنمائی فراہم کرے گی۔
آئی سی سی نے کہا کہ وہ امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پرعزم ہے مگر قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
یو ایس اے کرکٹ کو 2024 میں انتباہ دیا گیا تھا اور ایک سال کی مہلت دی گئی تھی، مگر جولائی 2025 کی یقین دہانیوں کے باوجود عدم تعمیل پر یہ کارروائی کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں