پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی بلندی، ایشیا کی بہترین مارکیٹس میں شمار

اسلام آباد — پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔ مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کے ہنڈریڈ انڈیکس نے 174,400 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پار کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
مشیرِ وزیرِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے جنوری 2025 سے اب تک امریکی ڈالر کے لحاظ سے 50 فیصد منافع فراہم کیا ہے، جس کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایشیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں شامل ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق سال 2025 سرمایہ کاروں کے لیے مسلسل فائدہ مند اور اعتماد کا سال ثابت ہوا۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ 18 ماہ کے دوران 37 فیصد اضافے کے بعد اس وقت چار لاکھ پچاس ہزار سے زائد سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ کا حصہ بن چکے ہیں، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی سنگِ میل حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں، مالی نظم و ضبط، جامع اصلاحات اور معاشی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔ مشیرِ وزیرِ خزانہ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں یہ پیش رفت حکومتی کارکردگی، مؤثر اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں