قیام پاکستان سے لیکر آج تک فوج نے ملکی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

ایبٹ آباد:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جُرات نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کیا۔ انہوں نے تقریب کے معائنہ کو اپنے لیے باعثِ فخر اور اعزاز قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیے انتہائی اعزاز اور باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالی، مالدیپ، نائیجیریا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا اور یمن سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو تربیت کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے نیک خواہشات دیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک، افواجِ پاکستان نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے حالیہ آپریشن “معرکۂ حق / بنیانِ مرصوص”کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور جذبے سے دشمن کو ناکام بنایا اور قوم کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔خطاب میں فیلڈ مارشل نے انکشاف کیا کہ “ہم نے اپنے ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کیں اور دشمن کے رافیل طیاروں کو بھی مار گرایا۔”
انہوں نے کیڈٹس کو نصیحت کی کہ وہ ایمان، قربانی، اور حب الوطنی جیسے اعلیٰ اقدار کو ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں