مسسی ساگا نے پاکستان اور افغانستان کے یومِ آزادی کی تقریبات حفاظتی خدشات کے باعث روک دیں

اونٹاریو؛ سٹی آف مسسی ساگا نے ریج وے پلازہ میں ہونے والے دو بڑے غیر منظور شدہ پروگرامز کو روکنے کے لیے عارضی عدالتی حکم نامہ حاصل کر لیا ہے، جس کی وجہ عوامی تحفظ سے متعلق جاری خدشات بتائے گئے ہیں۔ اونٹاریو سپیریئر کورٹ نے بدھ کے روز یہ حکم جاری کیا، جس کے تحت پلازہ کے مالک کنڈومینیم کارپوریشنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہنگامہ خیز اجتماعات کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

حکام کے مطابق یہ حکم 13 اور 14 اگست کو پاکستان کے یومِ آزادی اور 19 اگست کو افغانستان کے یومِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کو ہدف بناتا ہے، جن میں تین ہزار سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔ یہ پلازہ ایگلنٹن ایونیو ویسٹ اور ریج وے ڈرائیو کے قریب مغربی علاقے میں واقع ہے۔

شہری حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایسی تقریبات رات گئے شور و غل، اسٹریٹ ریسنگ، پارکنگ لاٹ میں گاڑیوں کے خطرناک کرتب، غیر قانونی آتشبازی، لڑائی جھگڑوں اور دیگر بدنظمی کا باعث بنی ہیں۔ 2022 میں پلازہ کھلنے کے بعد سے یہاں بڑی تعداد میں ہجوم اور خطرناک ڈرائیونگ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

پیل ریجنل پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے منصوبہ تیار کر لیا ہے، جو 13 اگست دوپہر سے 15 اگست صبح 2 بجے تک اور 19 اگست دوپہر سے 20 اگست صبح 2 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ پولیس اہلکار موقع پر موجود رہیں گے، قوانین نافذ کریں گے، ضرورت پڑنے پر پلازہ بند یا اطراف کی سڑکیں بند کر سکتے ہیں اور حکم کی خلاف ورزی پر گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔

حکم نامے کے تحت پلازہ مالکان کو گاڑیوں کی آمد و رفت کنٹرول کرنے، پارکنگ بیریئرز لگانے، سیکیورٹی و پولیس تعینات کرنے اور پیدل آمد و رفت محدود کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

شہر کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کسی مخصوص گروہ کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ بارہا مالکان سے تعاون کی کوشش ناکام ہونے پر قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ علاقے کے کونسلر میٹ ماہونی نے کہا کہ وہ کاروبار کے فروغ کے حامی ہیں مگر عوامی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ پلازہ میں عدالتی حکم اور پابندیوں سے متعلق سائن بورڈز بھی لگائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں