اسلام آباد (ایم این این): نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی لائیو نشریات اتوار کی شب ہیک کر لی گئیں، جس کے نتیجے میں اسکرین پر ایک نامناسب اور تخریبی پیغام نشر ہوا۔
چینل کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نشریات میں خلل ڈالنے اور سسٹم ہیک کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ اس وقت چینل قومی مواصلاتی سیٹلائٹ پاک سیٹ کے ذریعے نشر ہو رہا تھا۔
بیان کے مطابق کچھ عرصے سے چینل کو مسلسل تکنیکی رکاوٹوں کا سامنا تھا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ اسکرین پر نشر ہونے والا پیغام بیرونی مداخلت کا نتیجہ تھا اور اس کا چینل کی پالیسی یا نشریاتی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔
جیو نیوز کی انتظامیہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔