گڑھی خدابخش میں ن لیگی وفد کی پیپلزپارٹی قیادت سے اہم ملاقات، بے نظیر کی برسی کی تقریب میں شرکت

گڑھی خدابخش میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی تعاون اور قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنما بھی شریک تھے۔
ن لیگ کے وفد نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جہاں قومی مفاد میں باہمی رابطوں اور تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گفتگو میں سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس سے قبل وفد نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور جمہوریت کے لیے اُن کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پیپلزپارٹی قیادت نے برسی میں شرکت اور اظہارِ یکجہتی پر ن لیگ کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سیاسی تعاون کو ملکی استحکام کے لیے مثبت قرار دیا۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے بھی پارلیمانی اور حکومتی محاذ پر ساتھ دینے اور ہر مرحلے پر کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہنے کے پیپلزپارٹی کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ باہمی تعاون جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں