نادرا نے ’چائے والا‘ ارشد خان کا شناختی کارڈ بحال کر دیا

لاہور ہائی کورٹ کو پیر کے روز بتایا گیا کہ نادرا نے سوشل میڈیا کی معروف شخصیت ارشد خان المعروف ’چائے والا‘ کا شناختی کارڈ تصدیق کے بعد بحال کر دیا ہے۔

ارشد خان کا تعلق مردان سے ہے، اور وہ 2016 میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچے جب ایک فوٹوگرافر نے ان کی چائے بناتے ہوئے تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ارشد خان نے رواں سال اپریل میں نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے شناختی دستاویزات بلاک کیے جانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

جسٹس جواد حسن کے جاری کردہ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی شکایت دور کر دی گئی ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ معاملہ عدالت کے نوٹس میں آنے کے بعد نادرا نے ارشد خان کو تصدیقی بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لیے بلایا اور مکمل تصدیق کے بعد ان کا شناختی کارڈ بحال کر دیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست کا مقصد حاصل ہو چکا ہے، اس لیے اسے نمٹا دیا گیا۔

سماعت کے بعد بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ معاملہ حکومت کی اعلیٰ سطح پر اٹھایا گیا، جس کے بعد نادرا نے تصدیق کا عمل شروع کیا اور ثابت ہوا کہ ارشد خان کا شناختی کارڈ غلطی سے بلاک کیا گیا تھا۔

ارشد خان نے عدالت کے باہر گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گے۔ اسلام آباد کے سنڈے بازار میں چائے بنانے والے ارشد خان کی ایک تصویر نے انہیں شہرت دلائی، اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ ماڈلنگ اور اشتہاری مہمات میں بھی شامل ہو گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں