اسلام آباد:
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک اہم آئینی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں اڈیالہ جیل کے قیدی محمد عرفان نے مؤقف اپنایا ہے کہ انہیں بھی وہی سہولیات فراہم کی جائیں جو سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں دستیاب ہیں۔
درخواست گزار محمد عرفان ولد محمد روشن ، ساکن پتر ناڑی، تحصیل و ضلع جہلم، اس وقت سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 199 کے تحت رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔
پٹیشن میں وفاقِ پاکستان بذریعہ سیکرٹری وزارتِ داخلہ، اسلام آباد،چیف کمشنر اسلام آباد،سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل راولپنڈی (اڈیالہ جیل) اور محکمہ داخلہ و جیل خانہ جات حکومت پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں جن خصوصی سہولیات کی اجازت ہے، وہی سہولیات تمام قیدیوں کو بھی مساوی بنیادوں پر دی جانی چاہئیں۔ بصورتِ دیگر یہ آئین میں دیے گئے برابری کے حق اور انسانی حقوق کے اصولوں کے منافی ہے۔ محمد عرفان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایات جاری کی جائیں کہ انہیں بھی مناسب خوراک، بہتر رہائش، مطالعے کی سہولت، ملاقات کے وقت میں نرمی اور دیگر جملہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ قانونی ماہرین کے خیال میں یہ پٹیشن جیل اصلاحات اور قیدیوں کے انسانی حقوق کے تناظر میں ایک اہم قانونی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔