پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) نے پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا، یہ احتجاج اس الزام پر کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں عدالتی کارروائی کے دوران سینئر صحافی اعجاز احمد کے ساتھ بدزبانی کی۔
اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوال کیا تو عمران خان نے سخت زبان استعمال کی۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے اعجاز احمد کی تصویر جاری کر کے سنگین نتائج کی دھمکی دی۔ اس واقعے نے صحافتی برادری میں شدید ردعمل پیدا کیا ہے۔
اسی دوران عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی صحافیوں پر برہمی کا اظہار کیا، جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو ہدایت دی کہ وہ PRA نمائندوں سے بات چیت کریں۔ رپورٹرز نے مؤقف اپنایا کہ ان کا احتجاج کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ صحافت کی آزادی اور وقار کے تحفظ کے لیے ہے۔