تمل ناڈو میں اداکار وجے کے انتخابی جلسے میں بھگدڑ، 36 افراد جاں بحق

تمل ناڈو کے ضلع کروڑ میں ہفتہ کے روز مشہور اداکار اور سیاست میں قدم رکھنے والے وجے کی انتخابی ریلی کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 8 بچے اور 16 خواتین شامل ہیں۔ ریاستی رکن اسمبلی سنتھل بالاجی نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 58 افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
وجے، جو تمل فلم انڈسٹری کے سب سے مقبول ستاروں میں شمار ہوتے ہیں، نے 2024 میں اپنی سیاسی جماعت تملگا ویٹری کژہگم قائم کی تھی۔ وہ آئندہ 2026 کے ریاستی انتخابات میں بھرپور مہم چلا رہے ہیں اور ان کے جلسے بڑی تعداد میں عوام کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
مقامی میڈیا کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ ریلی کے دوران وجے ایک بڑے انتخابی گاڑی کے اوپر کھڑے ہو کر خطاب کر رہے تھے۔ جیسے ہی ہجوم بے قابو ہوا، وہ پانی کی بوتلیں بیہوش ہوتے کارکنوں کی طرف پھینکتے اور پولیس سے مدد کی اپیل کرتے نظر آئے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، قریبی اضلاع سے 44 ڈاکٹر ایمرجنسی سروسز کے لیے کروڑ روانہ کیے گئے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں جب وجے کی ریلیوں میں جانی نقصان ہوا ہو۔ اکتوبر 2024 میں پارٹی کے افتتاحی جلسے کے دوران بھی کم از کم 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پابندیوں اور حفاظتی اقدامات کے باوجود، وجے کے جلسوں میں عوامی رش اکثر مقامی انتظامیہ کی استعداد سے بڑھ جاتا ہے۔
بھارت میں اس سے پہلے بھی اس طرح کے سانحات پیش آتے رہے ہیں۔ رواں برس کے آغاز میں اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں مانسا دیوی مندر کی سیڑھیوں پر بھگدڑ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں