پاکستان، چین کی عسکری شراکت علاقائی استحکام کی ضامن ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی عسکری شراکت داری علاقائی استحکام اور دفاعی توازن کی ضامن ہے۔ وہ پیر کو اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 76ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گیلانی نے پارلیمان اور عوام کی جانب سے چین کی قیادت، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور یہ دن نہ صرف چین کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف کا موقع ہے بلکہ اس لازوال دوستی کو دوبارہ اجاگر کرنے کا بھی لمحہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین نے کروڑوں افراد کو غربت سے نکالنے، سائنسی و تکنیکی ترقی حاصل کرنے اور عالمی قیادت کے مقام تک پہنچنے میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہ ایک معجزہ ہیں۔ انہوں نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی انقلابی اصلاحات، اختراعات اور بصیرت افروز قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا “مشترکہ مستقبل کی حامل عالمی برادری” کا تصور پاکستان کی پالیسیوں سے مطابقت رکھتا ہے۔ اسی طرح صدر آصف علی زرداری کے حالیہ دورۂ چین میں طے پانے والے معاہدے، جیسے ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک، لائیوسٹاک کے شعبے کی جدید کاری اور ہنگامی آلات کی فراہمی، پاکستان کی معیشت اور عوامی فلاح میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10سی جنگی طیاروں کی شمولیت اس بات کی عکاسی ہے کہ پاک-چین عسکری تعاون علاقائی امن اور بازدار قوت کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں ان جدید طیاروں نے پاکستان کے دفاعی استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو شراکت داری کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے گوادر بندرگاہ کو تجارت اور خوشحالی کا دروازہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک صرف انفراسٹرکچر نہیں بلکہ دونوں اقوام کے مشترکہ خواب اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زلزلوں، سیلابوں اور کورونا وبا کے دوران چین کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی امداد دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، چیئرمین ماؤزے تنگ اور وزیرِاعظم چو این لائی جیسے بانی رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھی۔
گیلانی نے اختتامی کلمات میں کہا کہ پاکستان اور چین کی “موسم کی سختیوں سے بے نیاز آہنی بھائی چارہ” آئندہ نسلوں کے لیے امن، ترقی اور علاقائی استحکام کی ضمانت رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں