تین ورلڈ کپ فائنلز کے امپائر ڈکی برڈ دنیا سے رخصت

لندن: سابق ٹیسٹ امپائر ہیـرولڈ “ڈکی” برڈ 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے منگل کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
یارکشائر کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈکی برڈ، جو کرکٹ کی دنیا کی سب سے محترم اور مقبول شخصیات میں شمار ہوتے تھے، اپنے گھر پر پرسکون انداز میں انتقال کر گئے۔
کلب نے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
“ڈکی برڈ نے بین الاقوامی امپائر کی حیثیت سے شاندار کیریئر گزارا اور اپنی دیانت، مزاح اور منفرد انداز کی وجہ سے کھیل کی تاریخ میں اپنا نام امر کر لیا۔”
برڈ نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں یارکشائر اور لیسٹرشائر کی نمائندگی کی، لیکن اصل شہرت انہیں عالمی سطح پر امپائرنگ سے ملی۔
اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 66 ٹیسٹ میچز اور 69 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی، جن میں تین ورلڈ کپ فائنلز بھی شامل ہیں۔ کھلاڑیوں اور شائقین نے ہمیشہ ان کی ایمانداری، خوش اخلاقی اور جداگانہ انداز کو سراہا۔
2014 میں انہیں یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کا صدر منتخب کیا گیا، جس منصب پر وہ فخر کے ساتھ فائز رہے۔ کلب کے مطابق، ڈکی برڈ یارکشائر کرکٹ کے ساتھ ہمیشہ مخلص اور وفادار رہے اور وہ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ محبوب اور معروف امپائر کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں