ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ گرین شرٹس نے 134 رنز کا ہدف 2 اوورز قبل حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں تازہ کر لیں۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز پراعتماد رہا مگر 80 کے مجموعی اسکور پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان آغا سمیت دو کھلاڑیوں کو ونندو ہسارنگا نے لگاتار آؤٹ کر کے میچ سنسنی خیز بنا دیا۔
اس موقع پر حسین طلعت اور محمد نواز نے 58 رنز کی شاندار شراکت داری نبھائی۔ طلعت نے 32 رنز بنائے، جبکہ نواز نے 38 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور چمیرا کے ایک اوور میں 3 چھکے لگا کر میچ کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم 133 رنز بنا سکی۔ کمنڈو مینڈس نے نصف سنچری اسکور کی، تاہم شاہین شاہ آفریدی نے 3، جبکہ حارث رؤف اور حسین طلعت نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے حریف بیٹنگ لائن کو تباہ کر دیا۔
پاکستان اب 25 ستمبر کو بنگلادیش کا سامنا کرے گا۔ یہ میچ جیتنے کی صورت میں قومی ٹیم فائنل میں جگہ بنانے کی مضبوط امیدوار بن جائے گی۔