امریکا کی جانب سے پاکستان کو ہنگامی سیلابی امداد فراہم

اسلام آباد، امریکا نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہنگامی امدادی سامان پاکستان پہنچا دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، فراہم کی جانے والی امداد میں خوراک، عارضی رہائش اور دیگر جان بچانے والی اشیاء شامل ہیں تاکہ ان علاقوں میں فوری ریلیف پہنچایا جا سکے جو سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ، امریکی فوج نے اہم آلات اور سامان بھی پاکستان آرمی کو فراہم کیا ہے، جو نور خان ایئر بیس پر پہنچا۔ ابتدائی کھیپ امریکی فضائیہ کے سی-17 اور سی-130 طیاروں کے ذریعے لائی گئی۔

اسلام آباد میں قائم امریکی مشن کی نگران ناتالی اے بیکر بھی نور خان ایئر بیس پر موجود تھیں، جہاں انہوں نے امدادی سامان کے استقبال کے موقع پر پاکستانی عوام سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو انسانی جانوں کے ضیاع اور گھروں و روزگار کی تباہی پر شدید افسوس ہے۔

بیکر نے مزید کہا کہ یہ امداد پاکستان کی حکومت کی درخواست پر بھیجی گئی ہے۔ ان کے مطابق “امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی فوج نے فوری طور پر امدادی فنڈز اور ضروری سامان کی فراہمی کی منظوری دی تاکہ قومی سطح پر جاری ریلیف آپریشن کو تقویت دی جا سکے۔”

امریکی امداد سے متاثرہ کمیونٹیز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا تاکہ وہ اس بڑے انسانی بحران سے نمٹ سکے، جو بے مثال بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں