اسلام آباد، راولپنڈی، خیبر پختونخوا اور پنجاب سمیت کئی علاقوں میں 5.9 شدت کا زلزلہ

جمعرات کے روز 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے مختلف علاقوں بشمول خیبر پختونخوا، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور وفاقی دارالحکومت میں محسوس کیے گئے۔

محکمہ موسمیات کے زلزلہ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں تھا اور اس کی گہرائی 111 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، لوئر دیر، اپر دیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، شبقدر، چارسدہ، پاراچنار، نوشہرہ، ہنگو اور کوہاٹ میں جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات اور اٹک میں بھی زلزلہ آیا۔

پنجاب کے شہروں میانوالی، چکوال، تلہ گنگ، کلر کہار اور قریبی علاقوں میں جھٹکے ریکارڈ ہوئے۔ ملتان میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید جھٹکوں کے باعث شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

آزاد کشمیر کے نیلم ویلی اور دھیر کوٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

پاکستان اور افغانستان کی سرحدی پٹی زلزلوں کے اعتبار سے حساس خطہ ہے جو بھارتی اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹس کے سنگم پر واقع ہے۔

ادھر پڑوسی ملک افغانستان میں صورتحال زیادہ ہولناک ہے، جہاں گزشتہ ہفتے مشرقی صوبوں میں آنے والے 6.0 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2200 سے تجاوز کر گئی ہے۔ طالبان حکومت کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں کنڑ صوبے میں ہوئیں جہاں 2205 افراد جاں بحق اور 3640 زخمی ہوئے۔ یہ گزشتہ کئی دہائیوں میں افغانستان کا سب سے تباہ کن زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں