اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور قومی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ، وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عبدالرحمان کانجو اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں قومی سطح پر سیاسی ہم آہنگی، پارلیمانی معاملات، اور آئندہ قانون سازی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے جمہوری عمل میں اے این پی کے کردار کو سراہا اور ملکی ترقی و استحکام میں تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ایمل ولی خان نے وفاقی حکومت کی بعض پالیسیوں پر اپنی پارٹی کا موقف پیش کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور آئندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔