الیکشن کمیشن میں تعیناتیوں پر ڈیڈ لاک، سپیکر کا عمر ایوب کو خط

اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتیوں سے متعلق خبروں پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خط کا باضابطہ جواب دے دیا ہے۔ اس جواب میں اسپیکر نے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے آئینی و قانونی طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپیکر نے اپنے جواب میں واضح کیا کہ وزیراعظم کی جانب سے 16 مئی کو اپوزیشن لیڈر کولکھے گئے خط کا بھی حوالہ دیا

خط کے متن کے مطابق، اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ناموںپر اتفاق نہ کر سکے، تو یہ معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس آئے گا۔اس کے بعد وزیراعظم اسپیکر سے درخواست کریں گے کہ وہ پارلیمانی لیڈرز سے کمیٹی کے ارکان کے نام طلب کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تمام پارلیمانی لیڈرز سے ان کی جماعت کی نمائندگی کے مطابق نام مانگیں گے، اور حکومت و اپوزیشن دونوں کی جانب سے موصولہ ناموں کی بنیاد پر کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔واضح کیا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت مکمل ہونے سے پہلے ممکن نہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر سے چیف الیکشن کمشنر اور دو اراکین الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔