راولپنڈی (ایم این این): چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیر کے روز لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیائی عرب مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور نائب کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں بالخصوص خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ و دفاعی تعاون پر توجہ مرکوز رہی۔ گفتگو میں پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے لیبیا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سے قبل نور خان ایئربیس پر آمد کے موقع پر فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کا استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا۔ لیبیائی وفد نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دسمبر میں پاکستان نے لیبیا کو روایتی عسکری سازوسامان کی فراہمی کے لیے اربوں ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق چار ارب ڈالر سے زائد مالیت کا یہ معاہدہ پاکستان کی تاریخ کے بڑے دفاعی برآمدی معاہدوں میں سے ایک ہے، جس کے تحت لیبیائی نیشنل آرمی کو اسلحہ فراہم کیا جائے گا۔