چینگدو: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے چینگدو میں منعقدہ دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچرل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فن اور ثقافت میں یہ طاقت موجود ہے کہ وہ قوموں کو قریب لائیں اور تہذیبوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔ اس موقع پر چینی قیادت، بین الاقوامی مندوبین، فنکاروں اور ثقافتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
صدر زرداری نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ سرحدوں سے ماورا ہو کر انسانیت کو مشترکہ اقدار کے ذریعے قریب لاتا ہے۔ انہوں نے صوبہ سیچوان کی حکومت، چائنا فیڈریشن آف لٹریری اینڈ آرٹ سرکلز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم ثقافتی اجتماع کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر صدر نے ہی ایچ ای لی شو لی، رکن پولیٹیکل بیورو و سیکرٹریٹ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور وزیر پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے سیچوان میں پرتپاک استقبال کیا۔
صدر زرداری نے چین کے وژن “تہذیبوں کے تبادلے اور باہمی سیکھنے” کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو دنیا کو پائیدار ترقی، علاقائی استحکام اور شمولیتی عالمی تعاون کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے تصادم کے بجائے تعاون اور مشترکہ کامیابی کے اصول اپنائے ہیں جو انسانیت کے مشترکہ اقدار سے ہم آہنگ ہیں۔
صدر نے مزید کہا کہ پاک-چین دوستی باہمی احترام اور تعاون کی ایک شاندار مثال ہے۔ جیسے ہی دونوں ممالک اپنی سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے جا رہے ہیں، یہ شراکت داری نہ صرف اسٹریٹیجک ہے بلکہ عوامی سطح پر گہرے تعلقات کی بھی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ثقافتی تبادلے بڑھانے، تخلیقی صنعتوں کو فروغ دینے اور رواداری و ہم آہنگی کی اقدار کو اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔