اسلام آباد – نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر میں قومی شاہراہوں پر قائم 21 ٹول پلازوں کے آپریشن اینڈ مینٹیننس (O&M) کنٹریکٹس کے لئے کھلی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے، جس سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدن متوقع ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ریزرو پرائسز کی بنیاد پر حکومت کو تقریباً 63 کروڑ روپے ماہانہ آمدن حاصل ہوگی، جو کہ سالانہ بنیاد پر تقریباً 7 ارب 56 کروڑ روپے بنتی ہے۔
نیلامی میں شامل اہم ٹول پلازوں میں مٹیاری (N-5)، احمد پور ایسٹ (N-5)، ترہڈا (N-130)، شہید بے نظیر پل اور سنگجانی (ای ٹی ٹی ایم) M-15 شامل ہیں، جن میں سب سے زیادہ ریزرو پرائس سنگجانی پلازہ کی ہے، جو ایک ارب 55 کروڑ روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔
نیلامی کا عمل فنانس ونگ (ریونیو ڈائریکٹوریٹ) این ایچ اے کی نگرانی میں ہوگا۔ آج این ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں پری آکشن میٹنگ ہوگی جبکہ بولی دہندگان کی رجسٹریشن 3 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ کھلی نیلامی 4 ستمبر کو صبح 11 بجے ہوگی۔
این ایچ اے نے واضح کیا ہے کہ ریزرو پرائس سے کم بولیاں قبول نہیں ہوں گی اور کامیاب بولی دہندگان کو تمام واجبات کی ادائیگی کے بعد ہی معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف نجی شعبے کو بڑا موقع ملے گا بلکہ حکومت کو قومی شاہراہوں کے مصروف ترین مقامات سے مسلسل آمدن بھی یقینی ہو گی۔