اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں شوکت خانم اسپتال میں باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کے لیے اجازت کی درخواست دائر کی ہے۔
یہ درخواست پیر کے روز خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے ذریعے ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن خان نے دائر کی۔
درخواست میں پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ، صوبائی حکومت، انسپکٹر جنرل جیلز، جیل ہسپتال اور شوکت خانم اسپتال کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ شوکت خانم اسپتال کی میڈیکل ٹیم کو عمران خان کا ماہانہ معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کی کاپیاں عدالت اور عمران خان کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں۔
فوری ریلیف کے لیے درخواست میں عدالت سے گزارش کی گئی ہے کہ تین دن کے اندر شوکت خانم کے ڈاکٹروں کو میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ 72 سالہ عمران خان کو باقاعدہ طبی معائنوں کی ضرورت ہے، دورانِ قید ان کے وزن میں کمی ہوئی ہے اور صحت کے متعلق خدشات ہیں۔ عمران خان کی میڈیکل ہسٹری شوکت خانم اسپتال میں موجود ہے۔
عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو عمران خان کا معائنہ اور ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔