اسلام آباد کلب کی ممبر شپ خواب بن گئی۔ شوقین افراد سے31 کروڑ کی ایڈوانس وصولی

اسلام آباد(وے آوٹ نیوز) اسلام آباد کلب کے ممبرز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث زیر التواء کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ممبرشپ کی حد 12 ہزار تک بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ دباؤ کو کم کیا جا سکے۔یہ انکشافات وفاقی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی جانب سے ملک عامر ڈوگر کی سربراہی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اہم اجلاس میں بریفنگ کے دوران سامنے آئے جب اسلام آباد کلب کی نئی رکنیت سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جا رہا تھا

اجلاس کے دوران کنوینر نے استفسار کیا کہ اس وقت اسلام آباد کلب میں کتنی نئی ممبرشپ کی درخواستیں زیر التواء ہیں؟ کلب انتظامیہ نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ پانچ سال سے ایک ہزار انیس (1019) درخواستیں زیر التواء ہیں، جن سے مجموعی طور پر 31 کروڑ روپے ایڈوانس فیس وصول کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں ذیلی کمیٹی کے رکن ریاض فتیانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حد سے زیادہ ممبرشپ کے باعث لاہور جم خانہ جیسا ادارہ بھی متاثر ہوا، اسلام آباد کلب کو بھی ایسی صورتحال سے بچانے کی ضرورت ہے۔
کمیٹی نے اسلام آباد کلب میں رکنیت کے عمل، ایڈوانس فیس، اور گنجائش کے حوالے سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

اپنا تبصرہ لکھیں