اسپورٹس ڈیسک (ایم این این) – بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کو نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران پیش آیا جب نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل نے گیند کھیل کر بولر کی طرف واپس کی۔
گیارہویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے گیند کو تیزی سے واپس پھینکا جو سیدھا ڈیرل مچل کی ٹانگوں پر جا لگی۔
اس حرکت پر ڈیرل مچل غصے میں آ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے بولر کی جانب بڑھے جبکہ ارشدیپ سنگھ بغیر معذرت کیے واپس اپنی جگہ چلے گئے جس کے بعد امپائر کو مداخلت کرنا پڑی۔
بعد ازاں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے مچل کے پاس جا کر اس واقعے پر معذرت کی۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مطابق ارشدیپ سنگھ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کیونکہ انہوں نے گیند کو نامناسب اور ممکنہ طور پر خطرناک انداز میں کھلاڑی کی طرف پھینکا۔
اس خلاف ورزی پر ارشدیپ سنگھ پر میچ فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
ارشدیپ سنگھ نے اوور کے اختتام پر اور میچ کے بعد بھی ڈیرل مچل سے معذرت کی اور عائد کردہ سزا کو قبول کر لیا۔
میچ کے نتیجے میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو چھیانوے رنز سے شکست دے کر مردوں کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تیسری مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔