پی سی بی کا حارث رؤف پر آئی سی سی جرمانے کے خلاف اپیل کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تیز گیند باز حارث رؤف پر آئی سی سی کی جانب سے عائد کردہ جرمانے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حارث رؤف پر یہ جرمانہ بھارت کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے سپر فور میچ کے دوران ایک اشارہ کرنے پر عائد کیا گیا تھا۔
سینئر پی سی بی عہدیدار نے بتایا کہ آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 30 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کیا۔ تاہم پی سی بی کا مؤقف ہے کہ حارث کے کسی عمل کو خلاف ورزی نہیں کہا جا سکتا۔
اطلاعات کے مطابق یہ واضح نہیں کہ رؤف کو “6-0” کا اشارہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا یا بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ جارحانہ رویے پر۔ رؤف نے سماعت کے دوران خود کو بے قصور قرار دیا تھا۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اگر اپیل ناکام ہوئی تو وہ ذاتی طور پر حارث کا جرمانہ ادا کریں گے۔
دوسری جانب، پی سی بی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کے خلاف بھی شکایت درج کرائی، جنہوں نے میچ کے بعد سیاسی بیانات دیے تھے۔ آئی سی سی نے پی سی بی کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے یادو کو بھی قصوروار قرار دیا اور ان پر 30 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا۔
تاہم دونوں کیسز پر آئی سی سی کا باضابطہ اعلامیہ تاحال سامنے نہیں آیا، جس پر پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا: “مزید کتنا وقت چاہیے آپ کو اپنی توازن کی پالیسی کی وضاحت کے لیے؟”

اپنا تبصرہ لکھیں