لندن: برطانوی پولیس نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ کولنز ایرو اسپیس (Collins Aerospace) — جو آر ٹی ایکس (RTX) کی ملکیت ہے — پر ہونے والے رینسم ویئر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سائبر حملے کے باعث یورپ بھر میں ایئرپورٹس کے چیک اِن سسٹمز بند ہوگئے اور سفری شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔
نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے مطابق گرفتار شخص کی عمر 40 برس کے لگ بھگ ہے۔ اسے منگل کو کمپیوٹر میوز ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
این سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پال فوسٹر نے کہا کہ ’’یہ گرفتاری ایک مثبت قدم ہے، لیکن تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور جاری ہیں۔‘‘
تاحال یہ واضح نہیں کہ حملے کے پیچھے کون سا گروہ ہے، جبکہ کوئی بھی رینسم ویئر تنظیم اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کر سکی۔
رینسم ویئر ایسا نقصان دہ سافٹ ویئر ہے جس کے ذریعے ہیکرز کسی کمپنی کے ڈیٹا کو انکرپٹ کر دیتے ہیں اور اس کے بدلے رقم طلب کرتے ہیں۔
یہ حملہ یورپ میں سائبر جرائم کے حالیہ سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ برطانیہ کی سب سے بڑی آٹو کمپنی جَیگوار لینڈ روور نے بھی ایک سائبر حملے کے بعد اپنی فیکٹریاں یکم اکتوبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ برلن ایئرپورٹ نے کہا ہے کہ مکمل اور محفوظ نظام بحال کرنے میں مزید کئی دن لگ سکتے ہیں۔