طویل قید سے بشریٰ بی بی پر ذہنی دباؤ، اہلخانہ کی طبی سہولیات کی اپیل

راولپنڈی: پمز کے ڈاکٹرز نے اڈیالہ جیل میں طبی معائنے کے بعد بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر صحت مند قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے دو رکنی ٹیم نے بدھ کے روز بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔ یہ معائنہ ان کی ذاتی درخواست پر کیا گیا اور پمز میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر نوید احمد شیخ کی ہدایت پر عمل میں آیا۔

معائنے کے دوران ٹیم میں ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر الطاف حسین اور نیورولوجسٹ ڈاکٹر منصور اقبال شامل تھے، جبکہ اڈیالہ جیل میں تعینات لیڈی ڈاکٹر نے بھی معاونت کی۔ ماہرین نے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا کہ بشریٰ بی بی عمومی طور پر صحت مند ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمر کے تقاضوں کے باعث انہیں کان کی تکالیف اور چکر آنے جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ طویل قید نے ان کی ذہنی کیفیت پر بھی دباؤ ڈالا ہے۔

معائنے کے بعد بشریٰ بی بی نے اپنی میڈیکل رپورٹس سینئر نیورولوجسٹ ڈاکٹر مظہر بشاہ کو مزید رائے کے لیے بھجوانے کی درخواست کی۔

اہلخانہ کی جانب سے بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد یہ معائنہ کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی تصدیق کی کہ بشریٰ بی بی طبی مسائل سے دوچار ہیں اور انہوں نے باضابطہ طور پر جیل انتظامیہ سے بیرونی چیک اپ کی درخواست کی تھی۔

گزشتہ کچھ ہفتوں سے یہ معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق حکام پر لازم ہے کہ وہ جیل قوانین اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کے تحت بشریٰ بی بی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں