جلال پور :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جلال پور پیر والا کے نواحی علاقے عنایت پور میں سیلاب سے متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا انخلا آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے 24 گھنٹے جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی اور تمام اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ سیلاب متاثرین کو بحفاظت نکالنے پر مقامی عوام نے مریم نواز شریف، مریم اورنگزیب، دیگر وزراء اور انتظامی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب تک آخری فرد محفوظ مقام تک نہیں پہنچ جاتا، ریسکیو آپریشن بند نہیں کیا جائے گا۔ اور اگر کسی کو مزید منتقل ہونا ہو، تو کشتیاں اور مکمل عملہ موجود ہوگا۔
سینئر وزیر نے کامیاب آپریشن پر کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، اور دیگر اداروں کو شاباش دی اور کہا کہ یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
عوام نے بروقت کارروائی پر حکومتی اقدامات کو سراہا اور متاثرہ خاندانوں نے محفوظ مقام تک رسائی پر سکون کا اظہار کیا۔