بھارت نے دریائے ستلج پر ہریکے اور فیروز پور میں “انتہائی اونچے” سیلابی ریلوں سے پاکستان کو آگاہ کیا

وزارت آبی وسائل نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج پر ہریکے اور فیروز پور کے مقام پر “انتہائی اونچے” سیلابی ریلوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

وزارت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، جسے ، یہ ڈیٹا آج صبح 8 بجے ریکارڈ کیا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بیان جاری کرتے ہوئے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کی وارننگ دی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (FFD) کی رپورٹ کے مطابق، دریائے چناب پر پنجند ہیڈورکس پر “انتہائی اونچے” سیلابی ریلے ریکارڈ ہو رہے ہیں، جو تیزی سے سندھ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ سہ پہر 3 بجے تک پانی کے اخراج کی مقدار 6 لاکھ کیوسک کے قریب پہنچ گئی، جو صبح کے مقابلے میں تقریباً ایک لاکھ کیوسک زیادہ ہے۔ دریائے سندھ پر گڈو بیراج میں اب بھی “درمیانے درجے” کا سیلاب جاری ہے، جہاں پانی کے اخراج کی مقدار 3 لاکھ 80 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی۔ دونوں مقامات پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ نوٹ کیا گیا۔

پنجاب پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے ستلج پر ہریکے اور فیروز پور کے مقامات پر رپورٹ ہونے والے اونچے سیلابی ریلے نیچے کے اضلاع کو متاثر کریں گے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر ابتدائی وارننگ سسٹم فعال کریں، انخلاء اور حفاظتی معلومات بر وقت فراہم کریں، بند مضبوط کریں اور بھاری مشینری کو حساس مقامات پر پہلے سے تعینات کریں۔ ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے اور ضروری خوراکی اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج شام سے “بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ ہوا کے جھکڑ” متوقع ہیں، جن کے دوران درمیانی سے بھاری بارش اور بعض مقامات پر نہایت شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ یہ سلسلہ جمعرات 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بے نظیر آباد، دادو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور جامشورو میں بھی جمعرات تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

اسی طرح لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی کے اضلاع میں بھی جمعرات تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں درمیانی تو کہیں شدید بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب عمرکوٹ، تھرپارکر اور ٹنڈو محمد خان میں نئی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں