شہباز شریف اور صدر ایردوان کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان

تیانجن: وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے دوطرفہ ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ روابط میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیاسی، معاشی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں اعلیٰ سطحی روابط اور بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کیا۔

صدر ایردوان نے پاکستان کے مختلف حصوں میں جاری سیلاب کے باعث انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے دفاع کے لیے بین الاقوامی فورمز پر آواز بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اسرائیلی جارحیت و نسل کشانہ پالیسیوں کی مذمت کی۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک مسلم دنیا سمیت عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں