ہانگ کانگ میں کھیلے گئے سعودی سپر کپ کے فائنل میں الاهلی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد النصر کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 5-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، تاہم کرسٹیانو رونالڈو کا تاریخی 100 واں گول بھی النصر کو جیت نہ دلا سکا۔
پرتگالی اسٹار رونالڈو نے 40 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم پہلے ہاف کے اضافی وقت میں فرانک کیسی نے نئے کھلاڑی اینزو میلوت کی خوبصورت پاس پر گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ رونالڈو کی زوردار کک کو گول کیپر ایڈورڈ مینڈی نے روکا جبکہ فیرس البریکن کا شاٹ پوسٹ سے ٹکرا گیا۔ کھیل کے 82 ویں منٹ میں مارسلو بروزووچ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے النصر کو دوبارہ برتری دلائی۔ لیکن 89 ویں منٹ میں روچر ابانیز نے ریاض محرز کے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر برابر کر دیا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں الاهلی کے تمام پانچ کھلاڑیوں نے درست نشانہ لگایا، جبکہ النصر ایک پنالٹی ضائع کر بیٹھا۔ یوں جدہ کلب الاهلی نے اپنی دوسری سعودی سپر کپ ٹرافی جیت لی۔