گلگت: حکام نے تصدیق کی ہے کہ گلگت کے دنیور نالہ کے علاقے میں اتوار کو ایک بڑے لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں کم از کم سات رضاکار جاں بحق ہوگئے، جو سیلاب سے تباہ شدہ آبی چینل کی مرمت میں مصروف تھے۔
گلگت بلتستان (جی بی) حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق، واقعے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ہنگامی سروسز فوری طور پر فعال کر دی گئیں۔ رضاکار پانی کے متاثرہ چینل کو بحال کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی اور پتھروں کا تودہ ان پر آ گرا۔
پولیس کے مطابق، ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے چار افراد کو تشویشناک حالت میں نکالا گیا۔ فیض اللہ فراق نے بعد میں بتایا کہ تلاش اور ریسکیو کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب تباہ کن مون سون بارشوں نے ملک بھر میں شہری سیلاب، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈز کو جنم دیا، جن میں اب تک 260 سے زائد افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ اور اہم بنیادی ڈھانچہ متاثر ہو چکا ہے۔
سیاحتی مقامات سے مالا مال گلگت بلتستان ان بدترین متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔ گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے بتایا تھا کہ شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے، 300 مکانات مکمل تباہ جبکہ 200 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ پانی کے 30 تا 40 فیصد چینل اور 15 تا 20 کلومیٹر سڑکیں بھی نقصان کا شکار ہوئیں۔
بحرانی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے علاقے کا دورہ کیا اور 4 ارب روپے کے امدادی پیکیج کے تحت متاثرہ خاندانوں میں معاوضے کے چیک تقسیم کیے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے گئے جبکہ وزیراعظم نے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی جلد بحالی کا عزم ظاہر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، اور آئندہ آفات سے بچاؤ کے لیے جدید پیشگی انتباہی نظام کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیر مواصلات کو بحالی کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ خطے میں 100 میگاواٹ کا سولر پاور منصوبہ رواں سال مکمل کیا جائے گا۔