نیب کا بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کا اعلان

اسلام آباد(وے آوٹ رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پلی بارگیننگ کے تحت واجب الادا رقوم کی وصولی کے لیے بحریہ ٹاؤن کی غیر منقولہ جائیدادوں کی نیلامی کا اعلان کیا ہے۔ یہ نیلامی قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 33-E کے تحت 12 جون 2025 بروز جمعرات صبح 11 بجے نیب ریجنل آفس، نزد لال مسجد، اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔
نیلامی کی جانے والی جائیدادوں میں
1. بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس، پلاٹ نمبر 7-E، پارک روڈ، فیز 2، راولپنڈی
2. بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس 2، پلاٹ نمبر 7-D، پارک روڈ، فیز 2، راولپنڈی
3. روبیش مارکی اور لان، بحریہ گارڈن سٹی، نزد گالف کورس، اسلام آباد
4. ارینہ سینما، پلاٹ نمبر 984، بورڈ A، فیز 4، راولپنڈی
5. سفاری کلب، پلاٹ نمبر 27، سفاری ولاز 1، راولپنڈی
نیب نے دلچسپی رکھنے والے خریداروں کے لیے نیلامی سے دو روز قبل، یعنی 10 جون کو نیب ریجنل آفس، اسلام آباد میں بریفنگ کا اہتمام کیا ہے۔ اس بریفنگ میں نیلامی کے طریقہ کار، شرائط و ضوابط، اور دیگر متعلقہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ نیب نے حالیہ مہینوں میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف مختلف کارروائیاں کی ہیں، جن میں متعدد جائیدادوں کو سیل کرنا، سیکڑوں بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنا، اور درجنوں گاڑیوں کو ضبط کرنا شامل ہے۔ نیب نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں، کیونکہ اس کے خلاف دھوکہ دہی، فراڈ، اور منی لانڈرنگ کے متعدد مقدمات زیر تفتیش ہیں۔نیب کی یہ نیلامی ملک میں احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے رقوم کی وصولی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں