پاکستان اور افغانستان تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے پر متفق

اسلام آباد (وے آوٹ نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ رابطے کے دوران دو طرفہ تعلقات، سفارتی سطح پر پیش رفت، اور علاقائی رابطوں کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا اور بتایا کہ افغانستان بھی اس کے جواب میں مثبت اقدامات کرے گا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل 2025 کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کابل دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
مزید برآں، ازبکستان-افغانستان-پاکستان (UAP) ریلوے منصوبے کی علاقائی اہمیت پر زور دیا گیا، اور دونوں رہنماؤں نے فریم ورک معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی تجارتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں