گلگت بلتستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ، تکنیکی خرابی کا شبہ

دیامر ؛ کگلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے ہدار میں آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ سرکاری حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم جی بی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے اسے “تکنیکی خرابی” قرار دیا ہے۔

فیض اللہ فراق نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جی بی حکومت اس ہیلی کاپٹر کو بعض اوقات امدادی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتی رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبار خان نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر “تکنیکی خرابی” کے باعث ہدار کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ انہوں نے چلاس اسپتال میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرنے اور میڈیکل عملے کی فوری دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی قربانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔”

یہ واقعہ حالیہ ہفتوں میں پیش آنے والا دوسرا بڑا ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔ اس سے قبل اسی ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لیے سامان لے جاتے ہوئے گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں دو پائلٹ اور تین عملے کے ارکان جاں بحق ہوگئے تھے۔

گزشتہ برس بھی ایک نجی پیٹرولیم کمپنی کا ہیلی کاپٹر شمالی وزیرستان کے شیوا آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور آٹھ شدید زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں