شارجہ: امارات کرکٹ بورڈ (ECB) نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ ایشیائی کرکٹ کونسل (ACC) کے زیر اہتمام ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹ فروخت کے لیے دستیاب ہیں، جن میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ ہے۔
ای سی بی کے مطابق، ابوظہبی کے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ 40 درہم سے شروع ہوں گے، جب کہ دبئی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ صرف سات میچوں کے خصوصی پیکج کے ذریعے دستیاب ہوگا، جس کی ابتدائی قیمت 1,400 درہم رکھی گئی ہے۔ اس پیکج میں ممکنہ سپر فور مرحلے میں پاک-بھارت کا دوبارہ ٹکراؤ اور 28 ستمبر کو فائنل بھی شامل ہے۔ قیمت نشستوں اور انکلوژرز کے حساب سے مختلف ہوگی۔
ای سی بی کے بیان میں کہا گیا:
“ابوظہبی کے میچز کے لیے ٹکٹ 40 درہم اور دبئی کے لیے 50 درہم سے شروع ہوں گے۔ پاک-بھارت میچ دیکھنے کے خواہشمند شائقین کے لیے سات میچوں کا خصوصی پیکج 1,400 درہم سے دستیاب ہوگا، جس میں انڈیا بمقابلہ یو اے ای، سپر فور کے تمام میچز اور فائنل شامل ہیں۔”
دیگر میچوں کے لیے علیحدہ ٹکٹ بھی آئندہ دنوں میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ ابو ظہبی اور دبئی کے اسٹیڈیمز میں فزیکل سیل بھی شروع ہوگی، جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
ایشیا کپ کا 15واں ایڈیشن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، عمان، یو اے ای اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 9 ستمبر کو ابو ظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے میچ سے ہوگا، جبکہ سب سے بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔