اسلام آباد: صحافی خالد جمیل ایک بار پھر پولیس کی حراست میں

اسلام آباد: صحافی اور اوصاف براڈکاسٹ نیٹ ورک (اے بی این نیوز) کے بیورو چیف خالد جمیل کو جمعرات کے روز اسلام آباد کے میڈیا ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ سے پولیس نے گرفتار کر لیا۔

خاندان کے مطابق، پولیس اہلکار اور سادہ لباس افراد گھر میں داخل ہوئے اور بغیر کوئی وارنٹ دکھائے انہیں ساتھ لے گئے۔ تاحال خالد جمیل کی موجودگی اور گرفتاری کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔

یاد رہے کہ خالد جمیل کو اس سے قبل ستمبر 2023 میں ایف آئی اے نے مبینہ “ریاست مخالف سوشل میڈیا پوسٹس” کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر سیکشن 20 (پیکا قانون) اور سیکشن 505 (پاکستان پینل کوڈ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعدازاں انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا لیکن دسمبر 2023 میں عدالت نے ایف آئی آر کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔

گزشتہ گرفتاری کے وقت صحافتی تنظیموں، انسانی حقوق گروپوں اور آزادی اظہار کے حامیوں نے ان کی گرفتاری کی سخت مذمت کی تھی اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا تھا۔

تاحال اسلام آباد پولیس کی جانب سے خالد جمیل کی تازہ گرفتاری پر کوئی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں