اسلام آباد- وفاقی حکومت کی کفایت شعاری مہم کی مبینہ خلاف ورزیاں دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہیں، جہاں سیکٹر ایف ایٹ کے ایک نجی شیشہ کیفے نے اتوار کو میوزیکل کنسرٹ کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کنسرٹ کے لیے دبئی سے ایک ڈی جے کو مدعو کیا گیا ہے، جس نے اس تقریب کو مزید نمایاں بنا دیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت سادگی اور اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
کیفے پر ماضی میں بھی غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس کیفے میں ممنوعہ اشیاء کے استعمال سے متعلق خبریں بھی پہلے میڈیا پر نشر ہو چکی ہیں، جس کے باعث اس کنسرٹ پر مزید سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اس کے باوجود اسلام آباد انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تاحال خاموش دکھائی دیتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنسرٹ کے لیے شیشہ کیفے میں فی ٹیبل ہزاروں روپے کی بکنگ جاری ہے، جو کہ کفایت شعاری مہم کے برعکس ایک مہنگی تقریب کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ صورتحال نئے تعینات ہونے والے چیف کمشنر اسلام آباد کے لیے ایک بڑے امتحان کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جہاں حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد اور نگرانی کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔