ویب ڈیسک (ایم این این) — سوئٹزرلینڈ کے معروف اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریب کے دوران ایک بار میں ہونے والے زور دار دھماکے اور آگ لگنے کے واقعے میں تقریباً 40 افراد ہلاک جبکہ 100 کے قریب زخمی ہو گئے، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ واقعہ صبح تقریباً 6:30 بجے ایک بار “لے کونسلٹیشن” میں پیش آیا، جو سوئٹزرلینڈ کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی نوعیت کا لگتا ہے۔
پراسیکیوٹر بیٹریس پیلوڈ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس مرحلے پر واقعے کو حملہ تصور نہیں کیا جا رہا بلکہ اسے آگ لگنے کا حادثہ سمجھا جا رہا ہے، تاہم مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
والے کینٹن کے سیکیورٹی چیف اسٹیفان گانزر کے مطابق متاثرین میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ کینٹن پولیس کے سربراہ فریڈرک گزلر نے بتایا کہ لواحقین کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے نے سب کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو سیون، لوزان، جنیوا اور زیورخ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
اطالوی وزارتِ خارجہ نے سوئس پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 40 ہے، تاہم سوئس حکام نے حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا اور فضائی حدود میں پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔ امدادی کارروائیوں کے لیے 10 ہیلی کاپٹر اور 40 ایمبولینسیں استعمال کی گئیں۔
سوئس صدر گی پارمیلین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے پہلے دن خوشی کا لمحہ پورے ملک کے لیے سوگ میں بدل گیا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق متاثرین کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ لاشیں جلد از جلد اہلِ خانہ کے حوالے کی جا سکیں۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے امکان ظاہر کیا کہ آتش بازی کے دوران پھینکے گئے کسی پٹاخے سے آگ بھڑکی ہو، جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔
صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا سوئس واقعے پر اظہارِ افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ نئے سال کی رات سوئٹزرلینڈ کے شہر کرانس مونٹانا میں ہونے والے المناک دھماکے اور آگ لگنے کی خبر سے دل برداشتہ ہیں۔