لاہور:
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے اس نشست کیلئے کوئی بھی امیدوار سامنے نہیں آیا
اور نہ ہی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
عابد شیر علی کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد دو امیدوار—احسن افضل اور عبدالجبار اپنے کاغذات واپس لے چکے ہیں۔سینیٹر عرفان صدیقی کی خالی نشست پرعابد شیر علی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے،
جبکہ ان کے تجویز کنندہ رانا ارشد اور راحیلہ خادم حسین تھے۔تائید کنندگان میں رانا شہریار اور طاہر جمیل شامل تھے۔ اس طرح مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی بلا مقابلہ سینیٹ انتخابات میں کامیاب قرار دیے گئے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عابد شیر علی کو کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ ن کو عوامی خدمت کی بدولت ہر محاذ پر فتح نصیب ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ
عابد شیر علی پارٹی کے سرگرم رہنما ہیں اور انہوں نے سابق ادوار میں عوامی خدمت سے اپنا منفرد مقام بنایا۔
وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ بطور سینیٹر، عابد شیر علی قائد میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی میں ملکی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
عابد شیر علی کی بلا مقابلہ کامیابی کے ساتھ سینیٹ کا ایوان ایک اور نئی نمائندگی سے مضبوط ہوا ہے۔