لاہور :
پنجاب میں ادویات کے معیار کو عالمی سطح پر یقینی بنانے کے لیے حکومت ایک بڑا قدم اٹھانے جارہی ہے۔ مریم اورنگزیب کی زیرِ نگرانی بنایا جانے والا نیا ریگولیٹری ادارہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ افتتاح جلد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کریں گی۔
پنجاب میں پہلی بار ایسا ادارہ قائم کیا جا رہا ہے جو امریکی ایف ڈی اے اور ترکی کے فارما ریگولیٹری سسٹمز کی طرز پر کام کرے گا۔ ادویات کی کوالٹی، رجسٹریشن، مانیٹرنگ اور ٹیسٹنگ… سب ایک ہی چھت کے نیچے۔
وے آوٹ نیوز کے ذرائع کے مطابق منصوبہ مریم اورنگزیب کی براہِ راست نگرانی میں تیزی سے آگے بڑھا، اور اب یہ ادارہ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ پنجاب میں فارما سیکٹر کی ریفارمز میں یہ منصوبہ اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تحقیقاتی لیبارٹری، جدید ٹیسٹنگ یونٹس، جدید ترین ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم… سب کچھ عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ ناقص، جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اس ادارے کے قیام سے ادویات کا کوالٹی کنٹرول سسٹم مضبوط ہوگا اور ملک بھر کے لیے ایک ماڈل ریفارم کے طور پر سامنے آئے گا۔
ادارہ مکمل ہو چکا ہے، اور جلد ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔